لندن ۔15جنوری (اے پی پی):برطانیہ نے مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیشِ نظر ایران سے اپنے سفیر اور تہران میں واقع سفارت خانے کے قونصلر شعبے کے تمام عملے کو واپس بلا لیا ہے۔ یہ بات برطانوی اخبار دی ڈیلی ٹیلی گراف نے رپورٹ کی ہے۔اخبار کے مطابق ایران میں سکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد سفارتکاروں کے انخلا کا فیصلہ کیا گیا۔ اس سے قبل دی ڈیلی مرر نے ایک برطانوی سرکاری عہدیدار کے حوالے سے بتایا تھا کہ تہران میں برطانیہ کا سفارت خانہ عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب خبر رساں ادارے رائٹرز نے رپورٹ کیا ہے کہ امریکا آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ایران کے خلاف فوجی کارروائی پر غور کر سکتا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس سے قبل خبردار کر چکے ہیں کہ وہ ایران کے خلاف طاقت کے استعمال کے امکان کو سنجیدگی سے دیکھ رہے ہیں۔واضح رہے کہ ایران میں بدامنی کا آغاز 29 دسمبر کو ایرانی ریال کی قدر میں شدید کمی کے بعد ہونے والے احتجاج سے ہوا، جو بعد ازاں ملک کے بیشتر بڑے شہروں تک پھیل گیا۔
حکام کے مطابق ان واقعات میں 40 سکیورٹی اہلکار ہلاک ہوئے۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ 8 جنوری کو مظاہرین میں مسلح دہشت گرد بھی شامل ہو گئے تھے، جبکہ ایرانی حکام نے بدامنی کا الزام اسرائیل اور امریکا پر عائد کیا ہے۔
Comments 0