امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ان ممالک سے آنے والی اشیا پر25 فیصد ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ آئے دیکھتے ہیں کہ ایران کے سب سے بڑے اور اہم تجارتی پارٹنرز کون سے ممالک ہیں۔
چین
ایران کی تجارت کا ایک چوتھائی سے زیادہ حصہ چین کے ساتھ ہے۔ عالمی تجارتی تنظیم ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن کے مطابق سن 2024 میں ایران نے چین سے 18 ارب ڈالر کی درآمدات اور 14.5 ارب ڈالر کی برآمدات کیں۔
ایران نے بیجنگ کو زیادہ تر ہائیڈروکاربن اور کیمیائی مرکبات (جیسے صنعتی الکوحل اور پلاسٹک) برآمد کیے جبکہ چین سے صنعتی مشینری، الیکٹرانک آلات، گاڑیاں اور دھاتیں خریدیں۔
متحدہ عرب امارات
متحدہ عرب امارات (یو اے ای) ایران کا ایک اہم تجارتی شراکت دار ہے۔ عالمی بینک کے مطابق سن 2022 میں ایران نے یو اے ای کو چھ ارب ڈالر کی برآمدات اور 18 ارب ڈالر کی درآمدات کیں۔
یو اے ای نے ایران کو سونا، اسمارٹ فونز اور مکئی فروخت کی جبکہ ایران سے زیادہ تر ہائیڈروکاربنز خریدیں۔
ترکی
ترکی بھی ایران کا بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔ عالمی بینک کے مطابق سن 2022 میں ترکی کی ایران سے درآمدات چھ ارب ڈالر سے کچھ زیادہ تھیں جبکہ ایران کو برآمدات 5.8 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔
روس
روس نے 2022ء میں ایران سے 690 ملین ڈالر کی درآمدات اور 1.5 ارب ڈالر کی برآمدات کیں۔ روس نے اناج، سونا اور لکڑی کے بدلے ایرانی زرعی مصنوعات حاصل کیں۔
عراق
ایران نے سن 2022 میں عراق کو 7.35 ارب ڈالر کی برآمدات کیں جبکہ درآمدات صرف 456 ملین ڈالر تھیں۔
جرمنی
جرمنی نے جنوری سے نومبر سن 2025 کے دوران ایران کو 870.5 ملین یورو (تقریباً 1 ارب ڈالر) کی برآمدات کیں اور درآمدات 217 ملین یورو رہیں۔
بھارت
بھارت اور ایران کے درمیان دوطرفہ تجارت 2018-19 میں 17 ارب ڈالر سے کم ہو کر 2024-25 میں 1.7 ارب ڈالر رہ گئی۔ بھارت سے ایران کو باسمتی چاول، چینی، تازہ پھل اور ادویات برآمد کی جاتی ہیں جبکہ ایران سے پستے، سیب، کیوی اور کھجوریں درآمد کیے جاتے ہیں۔
تھائی لینڈ
2022 ء میں تھائی لینڈ اور ایران کے درمیان تجارتی حجم 199.8 ملین ڈالر رہا، جس میں تھائی لینڈ کی برآمدات 156 ملین ڈالر اور درآمدات 43.8 ملین ڈالر تھیں۔ برآمدات میں ربڑ، موٹرسائیکلوں کے پرزے، کین فروٹس، چاول، کمپیوٹر اور سبزیاں شامل ہیں جبکہ درآمدات میں دھاتیں، سمندری اشیائے خوراک، ایندھن اور کیمیائی مصنوعات شامل ہیں۔
سری لنکا
سری لنکا نے سن 2024 میں ایران کو 68 ملین ڈالر کی برآمدات کیں، جو اس سے ایک سال پہلے کے 43 ملین ڈالر سے زیادہ تھیں۔ امریکی پابندیوں کے بعد ایران سے تیل کی درآمدات صفر ہیں۔
جاپان
جاپان کی ایران کو برآمدات سن 2024 میں 38 فیصد بڑھ کر 89 ملین ڈالر ہو گئیں، جبکہ درآمدات 6.4 فیصد کم ہو کر 29 ملین ڈالر رہ گئیں۔ جاپانی برآمدات میں ادویات، گاڑیاں اور برقی مشینری شامل تھیں جبکہ درآمدات میں کپڑے اور غذائی اشیاء نمایاں تھے۔
فلپائن
فلپائن نے 2024 ء میں ایران کو 66 ملین ڈالر کی اشیاء برآمد کیں، جو گزشتہ سال کے 38 ملین ڈالر سے زیادہ تھیں۔ اس دوران درآمدات صرف 190,000 ڈالر رہیں۔
پاکستان
پاکستان نے سال 2024 میں ایران سے مجموعی طور پر 1.20 ارب ڈالر کا مال درآمد کیا۔ اہم درآمدی اشیاء میں معدنی تیل اور آئل مصنوعات سرفہرست رہیں اور اس کے علاوہ سبزیاں، آئرن اور اسٹیل بھی درآمد کیا۔ اس کے بدلے میں سن 2024 میں ایران کے لیے پاکستانی برآمدی سامان کی مالیت صرف 73,450 ڈالر رہی۔
Comments 0