اسلام آباد۔24دسمبر (اے پی پی):53 ویں نیشنل ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں شرکت کے حوالے سے اسلام آباد کی مردوخواتین ٹیموں کے چنائو کیلئے ایک روزہ ٹرائلز 26 دسمبر جمعہ کو جناح سٹیڈیم اسلام آباد میں منعقد ہوں گے۔گزشتہ روز اسلام آباد ایتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری قلندر عباس کے مطابق ٹرائلز کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں، ٹرائلز میں وفاقی دارالحکومت سے مرد اور خواتین کھلاڑی حصہ لیں گی۔
منتخب ٹیموں کے کھلاڑی 53 ویں نیشنل ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں شرکت کریں گے، چیمپئن شپ پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن کے زیر اہتمام 28 دسمبر سے جناح سٹیڈیم، اسلام آباد میں شروع ہو گی جس میں ملک بھر سے مرد اور خواتین کی ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں پاکستان آرمی، پاکستان ائیر فورس، پاکستان نیوی، پاکستان واپڈا، پاکستان ریلوے، پاکستان پولیس، ہائر ایجوکیشن کمیشن، پنجاب، خیبرپختونخوا، سندھ، بلوچستان، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کی ٹیمیں شامل ہیں۔
چیمپئن شپ میں مردوں کے 24 اور خواتین کے 21 ایونٹس منعقد ہونگے۔ چیمپئن شپ میں شرکت کرنے والی ٹیموں کی منیجرز میٹنگ 27 دسمبر کو ہوگی جس میں چیمپئن شپ کے ڈراز اور قوانین کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا۔ چیمپئن شپ 31 دسمبر تک جاری رہے گی اور چیمپئن شپ میں کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔
Comments 0