ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر سے چمن چیمبرآف کامرس کے وفد کی عبدالنافع جان اچکزئی کی قیادت میں ملاقات

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر سے چمن چیمبرآف کامرس کے وفد کی عبدالنافع جان اچکزئی کی قیادت میں ملاقات
چمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عبدالنافع جان اچکزئی کی قیادت میں ایک وفد نے آج پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ آف پاکستان جناب سیدال خان ناصر سے ملاقات کی۔ ملاقات میں گزشتہ دو ماہ سے پاک۔افغان سرحد پر جاری کشیدگی اور اس کے نتیجے میں سرحد کی بندش پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ وفد نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کو آگاہ کیا کہ سرحد کی بندش کے باعث پاک۔افغان تجارت مکمل طور پر معطل ہو چکی ہے، جس سے تاجروں کو روزانہ کی بنیاد پر کروڑوں روپے کا مالی نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔ اس صورتحال کے باعث چمن اور ملحقہ علاقوں کی معیشت شدید دباؤ کا شکار ہو چکی ہے اور عام لوگوں کی روزمرہ زندگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ وفد نے یہ معاملہ بھی اٹھایا کہ ہزاروں تاجر جو قانونی طور پر پاسپورٹ پر افغانستان گئے تھے، سرحد بند ہونے کی وجہ سے وہاں پھنسے ہوئے ہیں، جن کی فوری اور محفوظ وطن واپسی ناگزیر ہے۔ مزید یہ کہ کاروباری سرگرمیوں کی معطلی کے نتیجے میں ہزاروں نوجوان بے روزگاری کا شکار ہو چکے ہیں، جو علاقے کے لیے ایک سنگین سماجی مسئلہ بنتا جا رہا ہے۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ جناب سیدال خان ناصر نے چمن چیمبر کے وفد کا مؤقف توجہ اور سنجیدگی سے سنا اور یقین دہانی کرائی کہ وہ اس اہم معاملے کو متعلقہ وفاقی اداروں اور اعلیٰ حکام کے ساتھ اٹھائیں گے تاکہ جلد از جلد عملی حل نکالا جا سکے۔ چمن چیمبر کے وفد میں سابق صدور حاجی حمیداللہ اور حاجی رحمت اللہ پہلوان کے علاوہ سینئر ممبران حاجی محمد قسیم، میروائس خان، عبدالمنان درانی اور گل شاہ خان شامل تھے۔

Comments 0

Sort by:
Login to post a comment.