اقوا م متحدہ مارچ (اے پی پی):اقوام متحدہ کی تعلیمی، سائنسی اور ثقافتی تنظیم( یونیسکو )نے امریکا اور اسرائیل کے فوجی حملوں کے دوران ایران میں ایک گرلز پرائمری سکول پر بمباری کو بین الاقوامی انسانی قانون کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اس کی سخت مذمت کی ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں یونیسکو نے کہا کہ تعلیمی مقامات جہاں بچے تعلیم حاصل کرتے ہیں، بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت محفوظ ہوتے ہیں اور تعلیمی اداروں پر حملے طلبہ اور اساتذہ کو خطرے میں ڈالنے کے ساتھ ساتھ تعلیمی حق کو بھی مجروح کرتے ہیں۔
دریں اثنا، اقوامِ متحدہ کی میسنجر آف پیس اور نوبل امن انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی نے سکول پر بمباری پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ شہریوں خصوصاً بچوں کا قتل ناقابلِ معافی ہے اور میں اس کی غیر مبہم الفاظ میں مذمت کرتی ہوں۔
ملالہ نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے خاتمے، انصاف اور احتساب کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ تمام ریاستوں اور فریقین پر لازم ہے کہ وہ بین الاقوامی قانون کے تحت شہریوں کے تحفظ اور سکولوں کی سلامتی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے لکھا کہ ہر بچے کو امن کے ساتھ جینے اور سیکھنے کا حق حاصل ہے۔
Comments 0