واشنگٹن۔(اے پی پی):بورڈ آف پیس کا پہلا اجلاس 19 فروری کو امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں ہو گا جس میں کم از کم 20 ممالک کے وفود کی شرکت متوقع ہے ، اجلاس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ غزہ کے لیے فنڈنگ اور فوجی دستوں کی تعیناتی کا اعلان کریں گے ۔رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق امریکی حکومت کے دو سینئر عہدیداروں نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ آئندہ ہفتے ہونے والے غزہ بورڈ آف پیس کے پہلے باضابطہ اجلاس میں غزہ کی تعمیر نو کے لیے اربوں ڈالر اور سٹیبلائزیشن فورس کے حوالے سے منصوبوں کا اعلان کریں گے۔
امریکی عہدیداروں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ 19 فروری کو واشنگٹن ڈی سی میں ہونے والے اجلاس کی صدارت امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کریں گے۔ صدر ٹرمپ نے 23 جنوری کو سوئٹرزلینڈ کے شہر ڈیووس میں بورڈ آف پیس کی دستاویز پر دستخط کیے تھے جس کی توثیق اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل میں ایک قرارداد کے ذریعے کی گئی تھی۔ مشرق وسطیٰ کے ممالک سعودی عرب، مصر، ترکی اور قطر کے علاوہ انڈونیشیا بھی منصوبےمیں شمولیت اختیار کر چکے ہیں ۔
امریکی حکام کے مطابق اجلاس میں صرف غزہ سے متعلق معاملات پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ صدر ٹرمپ غزہ کے لیے اربوں ڈالر کا اعلان کریں گے اور ان میں بورڈ میں شامل ارکان کی جانب سے مالیاتی عطیات بھی شامل ہوں گے۔ غزہ میں انٹرنیشنل سٹیبلائزیشن فورس کی تعیناتی صدر ٹرمپ کے غزہ پلان کے اگلے مرحلے میں شامل ہے جس کا اعلان گزشتہ سال ستمبر میں کیا گیا تھا۔معاہدے کے پہلے مرحلے کے تحت 10 اکتوبر کو غزہ میں جنگ بندی شروع ہوئی اور حماس نے یرغمالیوں کو رہا کر دیا تھا جس کے بدلے میں اسرائیل نے حراست میں لیے گئے فلسطینیوں کو رہا کیا۔
Comments 0