امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات میں شامل نہیں، توجہ اپنے دفاع پر ہے: قطر

امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات میں شامل نہیں، توجہ اپنے دفاع پر ہے: قطر
دوحہ(بی بی سی)قطر کی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ وہ امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ ختم کروانے کی کوششوں کا حصہ نہیں ہے۔ ایک پریس بریفنگ کے دوران وزارتِ خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر ماجد الانصاری کا کہنا تھا کہ ’ہماری توجہ اپنے ملک پر حملوں کے خاتمے اور اپنی سرزمین کے دفاع پر ہے۔‘ میں نے ان سے پوچھا کہ کیا خلیجی ممالک پر حملوں کے بعد ایران کے ساتھ نارمل تعلقات اب بھی ممکن ہیں تو ان کا کہنا تھا کہ ’ہم اپنا محل وقوع تبدیل نہیں کر سکتے۔‘ جب ان سے ایران اور امریکہ کے مذاکرات کے حوالے سے پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ: ’ان مذاکرات میں جو شامل ہیں یہ سوال آپ ان سے پوچھیں۔ میں پہلے ہی بتا چکا ہوں کہ ہم ان مذاکرات میں شامل نہیں ہیں۔‘ ڈاکٹر ماجد الانصاری کا مزید کہنا تھا کہ جمعرات کے بعد سے اب تک ایران نے قطر پر کوئی میزائل یا ڈرون حملہ نہیں کیا۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ ’پچھلی مرتبہ جب میں اس پوڈیم پر کھڑا تھا، اس کے فوراً بعد دو حملے ہو گئے تھے‘ اور اب بھی ایران ’ہمارے خلیجی پڑوسیوں‘ پر حملے کر رہا ہے۔ ’ہم نے اپنا دفاع کیا ہے۔ ہم پر اب تک 200 سے زیادہ ڈرون حملے ہو چکے ہیں اور ردِ عمل دینا ہمارا حق ہے۔ تاہم ابھی تک ہم نے اس حوالے سے فیصلہ نہیں کیا ہے۔‘

Comments 0

Sort by:
Login to post a comment.