ایران کے ساتھ معاہدہ مشکل ہوگا، یوکرین پر کوئی حل مسلط نہیں کریں گے،امریکی وزیر خارجہ

ایران کے ساتھ معاہدہ مشکل ہوگا، یوکرین پر کوئی حل مسلط نہیں کریں گے،امریکی وزیر خارجہ
بداپسٹ (اے پی پی):امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نےکہا ہے کہ ایران کے ساتھ کسی معاہدے تک پہنچنا ایک مشکل امر ہوگا، تاہم امریکا اس سلسلے میں اپنی تمام کوششیں بروئے کار لائے گا۔ العربیہ اردو کے مطابق یہ بات انہوں نے گزشتہ روز وسطی یورپ میں واقع ملک ہنگری کے دارالحکومت بڈاپسٹ کے دورے کے دوران ہنگری کے وزیر اعظم وکٹر اوربان کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ معاہدہ طے پانا مشکل کام ہے، ہم ہمیشہ سے یہی کہتے آئے ہیں کہ یہ کٹھن ہے لیکن ہم کوشش کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ہمارے مذاکرات کار اس وقت وہاں جا رہے ہیں جہاں وہ ملاقاتیں کریں گے، اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا ہوتا ہے، ہمیں امید ہے کہ کوئی معاہدہ طے پا جائے گا۔ انہوں نے یوکرین کے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ امریکا تنازعے کے فریقین پر اپنی مرضی کا کوئی معاہدہ مسلط نہیں کر رہا بلکہ صرف نقطہ نظر کو قریب لانے کے لیے مدد کی پیشکش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری تمام کوشش یہ ہے کہ اگر ممکن ہو سکے تو کسی معاہدے تک پہنچنے میں اپنا کردار ادا کریں، ہم کسی پر کوئی حل مسلط کرنے کی کوشش نہیں کر رہے اور نہ ہی کسی فریق کو ایسا معاہدہ قبول کرنے پر مجبور کر رہے ہیں جو اسے پسند نہ ہو، ہم صرف ان کی مدد کرنا چاہتے ہیں۔ امریکی وزیر خارجہ نے عہد کیا کہ ان کا ملک یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رکھے گا کیونکہ اس مقصد میں کامیابی سے دنیا ایک بہتر جگہ بن جائے گی۔ دوسری جانب ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نےگزشتہ روز اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان کا ملک سنجیدگی اور نیک نیتی کے ساتھ سفارتی راستے پر گامزن ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پابندیوں کا خاتمہ ہمارے مفادات سے جڑا ایک ناگزیر معاملہ ہے، جبکہ امریکہ کے ساتھ مذاکرات کی تفصیلات کے حوالے سے گردش کرنے والی افواہیں بے بنیاد ہیں۔

Comments 0

Sort by:
Login to post a comment.