پاکستان کا روس اور یوکرین کے درمیان فوری جنگ بندی ، بامعنی مذاکرات کا مطالبہ

پاکستان کا روس اور یوکرین کے درمیان فوری جنگ بندی ، بامعنی مذاکرات کا مطالبہ
اقوام متحدہ۔24مارچ (اے پی پی):پاکستان نے روس اور یوکرین کے درمیان فوری جنگ بندی اور امن مذاکرات کی جلد بحالی کا مطالبہ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ اس کا کوئی فوجی حل موجود نہیں۔ یہ بات اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نےسلامتی کونسل میں یوکرین کی صورتحال پر بحث کے دوران کہی۔ روس اور یوکرین کے درمیان جنگ پانچویں سال میں داخل ہو گئی ہے۔ پاکستانی مندوب نے کہا کہ ایک منصفانہ اور دیرپا امن صرف مسلسل، منظم اور بامعنی مذاکرات کے ذریعے ہی حاصل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اس جنگ کے آغاز سے ہی بات چیت اور سفارت کاری کی حمایت کی ہے کیونکہ اس جنگ نے عوام، ان کی معیشتوں، ممالک اور پورے خطوں کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طویل جنگ نے عالمی تقسیم کو گہرا کیا، کثیرالجہتی نظام کو کمزور کیا اور پرامن حل کی کوششوں کو پیچیدہ بنا دیا ہے۔سلامتی کونسل کا یہ اجلاس امریکا کی زیر صدارت منعقد ہوا، جہاں امریکی نائب وزیر خارجہ کرسٹوفر لینڈاؤ نے صدارت کی۔ پاکستانی مندوب نے کہا کہ عام شہری اس جنگ کا سب سے زیادہ بوجھ اٹھا رہے ہیں، جنہیں جانی نقصان، بے گھر ہونے اور گھروں و بنیادی ڈھانچے کی تباہی کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی تکالیف فوری طور پر اس بات کی متقاضی ہیں کہ شہریوں کے تحفظ اور پرامن حل کو ترجیح دی جائے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ مشرقِ وسطیٰ میں ایک اور بحران نے یوکرین پر مذاکراتی عمل کو بھی متاثر کیا ہے، تاہم انہوں نے امید ظاہر کی کہ مذاکرات کا اگلا دور جلد شروع ہوگا،تمام فریقین حقیقی سیاسی عزم کا مظاہرہ کریں گے، باہمی اعتماد کو فروغ دیں گے اور تعمیری انداز میں شامل ہو کر سنجیدہ کوششوں کے ساتھ امن کے لیے آگے بڑھیں گے۔ پاکستانی مندوب نے کہاکہ پائیدار امن کے لیے اقوامِ متحدہ کے منشور کے اصولوں کی پاسداری اور تمام فریقین کے جائز سکیورٹی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے قابلِ قبول حل تلاش کرنا ضروری ہے۔ پاکستان نے یقین دہانی کرائی کہ وہ عالمی سطح پر تنازعات کے پرامن حل، بین الاقوامی قانون اور اقوامِ متحدہ کے اصولوں کی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔ پاکستانی مندوب نے کہا کہ پائیدار امن کے قیام کے لیے اقوامِ متحدہ کے منشور کے اصولوں اور مقاصد سے مضبوط وابستگی ضروری ہے اور ایسے باہمی طور پر قابلِ قبول حل کی تلاش پر توجہ مرکوز کرنا ہوگی جو تمام فریقین کے موقف اور جائز سکیورٹی مفادات سے ہم آہنگ ہو۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر، چاہے یوکرین ہو یا کوئی اور خطہ، اختلافات کو کم کرنے اور تنازعات کے پرامن حل کو فروغ دینے والی تمام کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا اور ہمیشہ بین الاقوامی قانون اور اقوامِ متحدہ کے منشور کے اصولوں کا مکمل احترام کرے گا۔

Comments 0

Sort by:
Login to post a comment.