واشنگٹن(اے پی پی):امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کیوبا کو ایک ناکام ملک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسے امریکا کے ساتھ معاہدہ کرنا چاہیے۔ اردو نیوز کے مطابق انہوں نے پیر کو ایئر فورس ون میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران کیوبا میں حکومت کی تبدیلی کے لیے’’وینزویلا طرز کی کارروائی‘‘کے امکان کو مسترد کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت کیوبا ایک ناکام ملک ہے۔
ان سےسوال کیا گیا کہ کیا امریکا کیوبا میں حکومت کے خاتمے کے لیے وینزویلا کی طرح کی کسی کارروائی کا ارادہ رکھتا ہے جس میں وہاں کے صدر نکولس مادورو کو گرفتار کیا گیا،اس کے جواب میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ میرا نہیں خیال کہ ایسا کرنا ضروری ہو گا۔ انہوں نے یہ اعتراف بھی کیا کہ ایندھن کی کمی ملک کو نقصان پہنچا رہی ہے اور یہ انسانیت کے لیے خطرہ بھی ہے۔ امریکی صدر نے اس ممکنہ معاہدے کی کوئی تفصیل نہیں بتائی اور نہ ہی یہ واضح کیا کہ اس سے کیا حاصل کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ صدر ٹرمپ نے جنوری میں کیوبا کو دھمکی دی تھی کہ وہ امریکا کے ساتھ معاہدہ کر لے، اس سے قبل کہ بہت دیر ہو جائے تب اسے سخت نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اس کے جواب میں کیوبا کے صدر میگوئل ڈیازکینیل نے سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ کسی کو یہ بتانے کی ضرورت نہیں کہ ہمیں کیا کرنا ہے اور کیا نہیں۔ کیوبا کو اس وقت ایندھن کی شدید قلت اور بلیک آؤٹ کا سامنا ہے کیونکہ امریکی صدر نے ان پابندیوں کو مزید سخت کر دیا ہے جن کا سامنا ہوانا کو کئی دہائیوں سے ہے۔
Comments 0