واشنگٹن (اے پی پی):امریکی محکمہ ڈاک نے ایران جنگ کی وجہ سے ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے پیشِ نظر پہلی مرتبہ 8 فیصد عارضی فیول سرچارج عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔بی بی سی نے امریکی محکمہ ڈاک کے حوالہ سے بتایا ہے کہ اس اقدام کا مقصد مارکیٹ کے حالات کے مطابق ادارے کو ڈھالنا اور مالی دباؤ کے بغیر ملک گیر سروسز جاری رکھنا ہے۔امریکی محکمہ ڈاک کے مطابق اس اضافے کا اطلاق صرف پیکجز پر ہو گا جبکہ صرف خطوط پر یہ لاگو نہیں ہو گا۔ اس فیس کا اطلاق ترجیحی میل اور زمینی سروس جیسی خدمات کی بنیادی قیمت پر کیا جائے گا۔یہ اضافہ 26 اپریل سے نافذ العمل ہوگا اور 17 جنوری 2027 تک جاری رہے گا۔ اس کے بعد امریکی پوسٹل سروس فیصلہ کرے گی کہ آیا کسی اور طویل مدتی حل کی ضرورت ہے۔امریکی پوسٹل سروس (یو ایس پی ایس) ہفتے میں 17 کروڑ سےزیادہ پارسلز کی ترسیل کرتی ہے، اس کے مطابق دیگر پوسٹل سروسز نے بہت پہلے ہی اضافی سرچارج لگا دیا تھا۔ تاہم یہ باقی کمپنیوں کے مقابلے میں بہت کم ہے، جنھوں نے اس مد میں 33 فیصد سرچارج لگایا ہے۔
Comments 0