تاشقند۔2فروری (اے پی پی):ازبکستان اور قازقستان نے تجارت، اقتصادیات، سرمایہ کاری اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر بات چیت کی ہے۔قازنفورم (Kazinform) کے مطابق یہ بات ازبک وزارتِ سرمایہ کاری، صنعت اور تجارت نے بتائی ۔یہ امور ازبکستان کے وزیرِ سرمایہ کاری، صنعت و تجارت، لازیز قدرتوف اور ازبکستان میں قازقستان کے غیر معمولی و مکمل اختیارات کے حامل سفیر بیبوت اتامکولوف کے درمیان ملاقات میں زیرِ غور آئے۔
فریقین نے دو طرفہ تجارت میں مثبت پیش رفت کو تسلیم کرتے ہوئے مشترکہ پروگرام کے تحت تجارتی حجم میں مزید اضافے کے عزم کا اعادہ کیا، جس کا مقصد 2030 تک باہمی تجارت کے حجم کو 10 بلین امریکی ڈالر تک پہنچانا ہے۔ملاقات میں 2026 میں ہونے والے کونسل آف ریجنل لیڈرز کے پہلے اجلاس کی تیاریوں اورمیڈ اِن ازبکستان اور میڈ اِن قازقستان صنعتی نمائشوں کے انعقاد کے منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق 2025 میں دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تجارت کا حجم 4.97 بلین ڈالر رہا، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 11.4 فیصد اضافہ ہے۔ دونوں ممالک کی ایک دوسرے کو برآمدات 1.55بلین ڈالر رہیں، جن میں 1.2 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ درآمدات 3.4 بلین ڈالر تک پہنچیں، جو 16.6 فیصد نمایاں اضافے کو ظاہر کرتی ہیں۔قبل ازیں رپورٹ کیا گیا تھا کہ 2025 میں قازقستان سے ازبکستان کو اناج کی ترسیل میں 32 فیصد اضافہ ہوا۔
Comments 0