امریکا جاپان تجارتی معاہدہ کے تحت 36 ارب ڈالر کے ابتدائی منصوبوں کا اعلان

امریکا جاپان تجارتی معاہدہ کے تحت 36 ارب ڈالر کے ابتدائی منصوبوں کا اعلان
واشنگٹن (اے پی پی):امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ جاپان طویل ٹیرف مذاکرات کے بعد طے پانے والے تجارتی معاہدے کے تحت ابتدائی مرحلے میں تقریباً 36 ارب ڈالر مالیت کے منصوبوں کی مالی معاونت کرے گا۔ کیوڈو کے مطابق ان منصوبوں میں سینتھٹک ڈائمنڈز کی پیداوار اور توانائی کے دو بڑے منصوبے شامل ہیں۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ یہ تین منصوبے اس 550 ارب ڈالر مالیت کے پیکیج کا حصہ ہیں جس کا وعدہ جاپان نے کیا ہے، بدلے میں امریکی انتظامیہ نے جاپانی گاڑیوں اور دیگر اشیا پر عائد محصولات میں کمی کی ہے۔ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر لکھاکہ یہ منصوبے اتنے بڑے ہیں کہ ایک خاص لفظ کے بغیر ممکن نہ ہوتے اور وہ لفظ ہے ’’ٹیرف‘‘۔ امریکا دوبارہ تعمیر کر رہا ہے، دوبارہ پیداوار کر رہا ہے اور دوبارہ جیت رہا ہے۔ انہوں نے اسے امریکا اور جاپان کے لیے ایک تاریخی لمحہ قرار دیا۔اعلان کے مطابق جارجیا میں اہم معدنیات کا منصوبہ، ٹیکساس میں تیل کی تنصیب اور اوہائیو میں بجلی پیدا کرنے کے بنیادی ڈھانچے کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔امریکی وزیر تجارت ہاورڈ لٹنک نے بتایا کہ اوہائیو میں تاریخ کا سب سے بڑا قدرتی گیس انفراسٹرکچر منصوبہ تعمیر کیا جائے گا جس سے 9.2 گیگاواٹ بجلی پیدا ہونے کی توقع ہے۔ اس کے علاوہ خلیج میکسیکو میں گہرے سمندر کی خام تیل برآمدی سہولت قائم کی جائے گی اور امریکا میں مصنوعی صنعتی ہیروں کی تیاری کی صلاحیت پیدا کی جائے گی۔جاپانی وزیر اعظم سانائے تاکائیچی نے سوشل میڈیا پر کہا کہ گیس انفراسٹرکچر مصنوعی ذہانت کے ڈیٹا سینٹرز کو توانائی فراہم کرے گا جبکہ سینتھٹک ڈائمنڈز کی تیاری دونوں ممالک کے کسی ایک مخصوص ملک پر انحصار کم کرنے کے لیے کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ جاپان اور امریکا ہر منصوبے کی تفصیلات کو حتمی شکل دینے اور ان پر جلد اور مؤثر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے قریبی تعاون جاری رکھیں گے۔ جاپان کے وزیر صنعت ریوسی اکا زاوا نے ٹوکیو میں صحافیوں کو بتایا کہ تقریباً 33.3 ارب ڈالر اوہائیو کے گیس منصوبے میں لگائے جائیں گے جس میں ہیتاچی لمیٹڈ، مٹسوبشی الیکٹرک، توشیبا کارپوریشن اور سافٹ بینک گروپ جیسی جاپانی کمپنیاں دلچسپی رکھتی ہیں۔رپورٹس کے مطابق گزشتہ ہفتے واشنگٹن میں اکا زاوا اور ہاورڈ لٹنک نے ابتدائی مرحلے کے منصوبوں کے انتخاب کے عمل کو تیز کرنے پر اتفاق کیا جبکہ وزیر اعظم سانائے تاکائیچی آئندہ ماہ 19 مارچ کو وائٹ ہاؤس میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کریں گی۔

Comments 0

Sort by:
Login to post a comment.