ماسکو۔(اے پی پی):روس کے سابق صدر دمتری میدویدیف نے خبردار کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مختلف ممالک میں رجیم چینج کی کارروائیاں تیسری جنگ عظیم کا آغاز کر سکتی ہیں۔تاس کو انٹرویو میں دمتری میدویدیف جو اس وقت روس کی سلامتی کونسل کے نائب چیئرمین ہیں ، نےاس سوال پر کہ کیا تیسری عالمی جنگ شروع ہو چکی ہے، کہا کہ تکنیکی طور پر تیسری عالمی جنگ شروع نہیں ہوئی لیکن اگرامریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ مختلف ممالک میں حکومت کی تبدیلی کی مجرمانہ اور پاگل پن پر مبنی روش جاری رکھتے ہیں، تو یہ بلاشبہ شروع ہو جائے گی اور موجودہ صورتحال میں کوئی بھی واقعہ اس کا محرک بن سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران پر حملہ امریکا اور اس کے اتحادیوں کی جانب سے "عالمی تسلط برقرار رکھنے کے لیے” ایک وسیع جنگ کا حصہ ہے۔ دمتری میدویدیف کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کو قتل کرکے تمام امریکیوں کو خطرے میں ڈال دیا ہے اور ایک سنگین غلطی کا ارتکاب کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کی موت کے بعد اس میں کوئی شک نہیں کہ ایران جوہری ہتھیار تیار کرنے کی کوششوں کو تین گنا کر دے گا۔ یہ پوچھے جانے پر کہ کیا ایران جنگ اور اپنے رہنماؤں کے قتل کو برداشت کر سکتا ہے، انہوں نے کہا کہ تعمیر نو کی لاگت زیادہ ہو گی لیکن ایران اس میں کامیاب ہو گا کیونکہ اس کے لئے سب سے زیادہ اعلیٰ درجے کے سماجی استحکام کی ضرورت ہے اور امریکیوں نے انہیں یہ استحکام فراہم کر دیا ہے ۔
Comments 0