جنیوا (اے پی پی):اقوامِ متحدہ نے کہا ہے کہ مشرق وسطی میں کشیدگی میں اضافے کے باعث لبنان میں 30 ہزار افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔ العربیہ اردو کے مطابق یہ بات اقوامِ متحدہ کی پناہ گزین ایجنسی (یو این ایچ سی آر ) کے ترجمان بابر بلوچ نے گزشتہ روز جنیوا میں پریس کانفرنس کے دوران کہی۔
انہوں نے کہا ہے کہ اسرائیل نے لبنان کے 53 سے زیادہ دیہات کے مکینوں کو انخلا کی وارننگ جاری کی اور لبنان کے تینوں حصوں میں شدید فضائی حملے کیے جس کے بعد جنوبی لبنان کے بعض حصوں، وادی بکا اور بیروت کے جنوبی مضافات میں نقلِ مکانی کی اطلاعات مل رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کل تک کے محتاط اندازوں کے مطابق تقریباً 30 ہزارافراد کی میزبانی اور ان کا اجتماعی پناہ گاہوں میں اندراج کیا گیا۔ کئی لوگ سڑکوں کے کنارے اپنی گاڑیوں میں سو ئے۔
انہوں نے کہا کہ پناہ کی تلاش میں مزید لوگ دوسرے علاقوں میں پیدل جانے کی کوشش میں ہیں۔ اقوامِ متحدہ کے دفتر برائے انسانی حقوق کے ترجمان روینا شمداسانی نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے بیروت سمیت لبنان میں شدید جوابی حملوں کے بعد ہمیں جنگ کے پھیلنے پر بھی شدید تشویش ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم فریقین پر زور دیتے ہیں کہ وہ تشدد میں اضافے کو فوری ختم کریں ۔ انہوں نے شہری اموات اور شہری بنیادی ڈھانچے کو پہنچنے والے نقصان کے علاوہ ان اطلاعات کا حوالہ دیا جن کے مطابق جنوبی لبنان میں اسرائیلی حملوں کے بعد نمایاں طور پر دوبارہ نقلِ مکانی ہوئی۔
واضح رہے کہ رہائشیوں کو انخلا کی وارننگ جاری کرنے کے بعد اسرائیل کے فضائی حملے خاص طور پر بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقوں اور ملک کے جنوب میں جاری ہیں۔
Comments 0