پاکستان کئی برسوں بعد 2025 میں دوبارہ عالمی اسٹریٹجک توجہ کا مرکز بن کر ابھرا ،دی ڈپلومیٹ

پاکستان کئی برسوں بعد 2025 میں دوبارہ عالمی اسٹریٹجک توجہ کا مرکز بن کر ابھرا ،دی ڈپلومیٹ
اسلام آباد۔25دسمبر (اے پی پی):امریکی خارجہ پالیسی کے معروف جریدے دی ڈپلومیٹ کی ایک تجزیاتی رپورٹ کے مطابق پاکستان کئی برسوں بعد 2025 میں دوبارہ عالمی اسٹریٹجک توجہ کا مرکز بن کر ابھرا ہے،جریدے نے 2025 کو پاکستان کے لیے ازسرِنو تشکیل کا اسٹریٹجک سال قرار دیا جس کی نمایاں خصوصیات میں مؤثر سیکیورٹی پالیسی، خطے میں فعال سفارتی کردار اور محتاط معاشی اصلاحات شامل ہیں۔دی ڈپلومیٹ کے مطابق پاکستان کی عسکری قیادت نے ملک کے تشخص کو بین الاقوامی سطح پر بہتر بنانے میں مرکزی کردار ادا کیا۔ رپورٹ میں اعلیٰ عسکری قیادت کی جانب سے انتہاپسندی کے خلاف واضح اور دوٹوک مؤقف کو اجاگر کیا گیا جس سے اندرونی نظم و ضبط مضبوط ہوا اور عالمی مبصرین کے دیرینہ تحفظات کا ازالہ ہوا۔ جریدے نے مئی 2025 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والی عسکری جھڑپوں کو ایک اہم پیش رفت قرار دیاجس نے عالمی سطح پر مسلسل توجہ حاصل کی۔ رپورٹ کے مطابق معاشی دباؤ کے باوجود پاکستانی مسلح افواج کا مؤثر ردِعمل علاقائی دفاعی صلاحیت کو مستحکم و مضبوط بنانے کا باعث بنا۔ دی ڈپلومیٹ کے مطابق اس کشیدگی کے دوران پاکستان کی عسکری کارکردگی نے عالمی دفاعی تجزیہ کاروں کو خطے میں طاقت کے توازن پر دوبارہ غور کرنے پر مجبور کیا۔ جھڑپوں کے بعد پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں بہتری دیکھی گئی جبکہ واشنگٹن میں بھارت پر سفارتی دباؤ میں اضافہ ہوا۔رپورٹ میں مشرقِ وسطیٰ میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے دفاعی تعاون، بالخصوص سعودی عرب کے ساتھ ایک بڑے دفاعی معاہدے کو اہم اسٹریٹجک پیش رفت قرار دیا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ پاکستان کی دفاعی برآمدات میں بین الاقوامی دلچسپی میں اضافے کا بھی ذکر کیا گیا، جبکہ چین نے تنازع کے دوران استعمال ہونے والے دفاعی نظاموں کی عملی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ دی ڈپلومیٹ کے مطابق پاکستان نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے معاملے پر زیادہ سخت اور منظم حکمتِ عملی اپنائی۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ اسلام آباد نے طالبان حکومت پر دباؤ بڑھایا اور سرحد پار عسکریت پسندی سے متعلق خدشات کو قطر، ترکیہ اور سعودی عرب سمیت دیگر ممالک کے ساتھ سفارتی رابطوں کے ذریعے عالمی سطح پر اجاگر کیا۔جریدے کے مطابق اندرونِ ملک انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل ہوئیں، جنہیں متعدد ممالک کے ساتھ بہتر تعاون کی حمایت حاصل رہی۔ اگرچہ معاشی چیلنجز بدستور موجود ہیں تاہم دی ڈپلومیٹ نے 2025 میں پاکستان کی جانب سے اصلاحات میں پیش رفت کو مثبت قرار دیا اور کہا کہ سازگار عالمی حالات نے ایک نادر موقع فراہم کیا۔ رپورٹ میں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی طویل عرصے سے التوا کا شکار نجکاری کو ایک بڑی پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ یہ دو دہائیوں سے کے التواء کے بعد ایک ممکنہ ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہو سکتی ہے۔

Comments 0

Sort by:
Login to post a comment.