پاکستان بینکس ایسوسی ایشن نے ظفر مسعود کو چیئرمین منتخب کر لیا، 16 رکنی ایگزیکٹو کمیٹی تشکیل

پاکستان بینکس ایسوسی ایشن نے ظفر مسعود کو چیئرمین منتخب کر لیا، 16 رکنی ایگزیکٹو کمیٹی تشکیل
اسلام آباد۔28دسمبر (اے پی پی):پاکستان بینکس ایسوسی ایشن (پی بی اے) نےنئی 16 رکنی ایگزیکٹو کمیٹی تشکیل دے دی، جس میں دو خواتین اراکین اور 8 نئے شامل ہونے والے رکن بینک شامل ہیں۔ یہ اقدام شمولیت اور بینکاری صنعت میں وسیع تر نمائندگی کی جانب ایک اہم اسٹریٹجک پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔انتخابات کے بعد ایگزیکٹو کمیٹی نے متفقہ طور پر بینک آف پنجاب کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ظفر مسعود کو پی بی اے کا چیئرمین منتخب کیاجس کا اعلان یہاں جاری ہونے والی ایک پریس ریلیز میں کیا گیا۔اپنے انتخاب پر تبصرہ کرتے ہوئے ظفر مسعود نے کہا کہ نئی تشکیل شدہ ایگزیکٹو کمیٹی ایسوسی ایشن کے گورننس ڈھانچے میں ایک اہم ارتقا کی نمائندگی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ توسیع یافتہ اور متنوع رکنیت پی بی اے کی اس صلاحیت کو مضبوط بنائے گی کہ وہ قومی اقتصادی ایجنڈے کو آگے بڑھا سکےجس میں ترجیحی شعبوں میں قرض کے خلا کو پُر کرنا، ڈیجیٹل ذرائع کے ذریعے مالی شمولیت کو تیز کرنا اور پاکستان کی پائیدار معاشی بحالی کی حمایت شامل ہے۔نئی قیادت میں حبیب بینک لمیٹڈ کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ناصر سلیم کو سینئر وائس چیئرمین جبکہ فیصل بینک لمیٹڈ کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر یوسف حسین کو وائس چیئرمین منتخب کیا گیا ہے۔اس موقع پر ناصر سلیم نے عالمی معاشی دباؤ کے تناظر میں لچک اور مضبوط کمپلائنس فریم ورک کی اہمیت پر زور دیاجبکہ یوسف حسین نے بینکاری شعبے کو جدید، اختراعی اور علاقائی طور پر مسابقتی رکھنے کے لیے جدید کاری، ٹیکنالوجی کے استعمال اور چابک دستی کو کلیدی ترجیحات قرار دیا۔ اس سنگ میل پر تبصرہ کرتے ہوئے پی بی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور سیکرٹری جنرل منیر کمال نے کہا کہ ایگزیکٹو کمیٹی میں توسیع، خصوصاً خواتین کی تاریخی شمولیت، ایسوسی ایشن کے تنوع اور جدید طرزِ حکمرانی کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔نئی قیادت کے تحت پی بی اے اسٹیٹ بینک آف پاکستان، وزارتِ خزانہ اور وفاقی حکومت کے ساتھ تعاون کو مزید گہرا کرنے کا ارادہ رکھتی ہے تاکہ انفراسٹرکچر کی ترقی، زراعت اور ایس ایم ایز کے لیے نجی شعبے کے قرضوں میں توسیع اور ملک کی ڈیجیٹل تبدیلی کے عمل کو آگے بڑھایا جا سکے۔

Comments 0

Sort by:
Login to post a comment.