گورنر بلوچستان شیخ جعفرخان مندوخیل نے کہا ہے کہ میڈیا ریاست کا چوتھا ستون ہے اور صحافیوں کی خدمات قابل قدر ہیں، ان کے تحفظ اور مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کوگورنر ہائوس میں بلوچستان انٹرنیشنل تھینک ٹینک کے زیر اہتمام ایف یو ایس پاکستان، بلوچستان انٹرنیشنل تھینک ٹینک اور انٹرنیشنل سوسائٹی آف ارتھ فرینڈز پاکستان کی جانب سے صحافیوں کے اعزاز میں منعقدہ ایوارڈ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں بلوچستان کے مختلف شعبہ ہائے صحافت سے وابستہ افراد کو ہیروز آف بلوچستان نیشنل سول ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اس موقع پر اویس جدون، سینئر صحافی شہزادہ ذوالفقار، سلیم شاہد، کوئٹہ پریس کلب کے صدر عرفان سعید، بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے صدر منظور بلوچ، جنرل سیکرٹری شاہ حسین ترین سمیت دیگر شخصیات شریک تھیں۔گورنر بلوچستان نے کہا کہ صحافیوں کی گرانقدر خدمات کے اعتراف میں ایوارڈز کا حصول ان کیلئے اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے 40 سالہ سیاسی سفر کے دوران ہمیشہ صحافیوں کے ساتھ کھڑے رہے ہیں اور ان کے مسائل کے حل کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کی ہے۔انہوں نے کہا کہ میڈیا احتساب اور انصاف کے نظام میں اہم کردار ادا کرتا ہے جبکہ صحافیوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ حقائق کو ذمہ داری کے ساتھ عوام تک پہنچائیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں صحافت کی اپنی روایات ہیں جنہوں نے ہمیشہ مثبت انداز میں کردار ادا کیا ہے۔گورنر بلوچستان نے یقین دہانی کرائی کہ صحافیوں کے تحفظ اور درپیش مسائل کے حل کیلئے عملی اقدامات جاری رکھے جائیں گے اور اس سلسلے میں تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ تعاون کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے ایوارڈ حاصل کرنے والے صحافیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت صحافیوں کی فلاح و بہبود کیلئے سنجیدہ اقدامات کرے گی۔
Comments 0