انطالیہ۔ (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان نے ملاقات کی اور انطالیہ ڈپلومیسی فورم میں شرکت کیلئے آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور معاون خصوصی سید طارق فاطمی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیر خارجہ حاقان فیدان نے وزیر اعظم شہباز شریف کو انطالیہ ڈپلومیسی فورم میں شرکت پر خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ صدر رجب طیب ایردوان انطالیہ ڈپلومیسی فورم کے موقع پر وزیراعظم سے ملاقات کے منتظر ہیں۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے پرتپاک استقبال اور روایتی مہمان نوازی پر ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ان کیلئے خوشی کا موقع ہے کہ وہ اپنے دوسرے گھر ترکیہ کے دورے پر ہیں۔ انطالیہ ڈپلومیسی فورم میں شرکت اور صدر رجب طیب ایردوان سے انطالیہ ڈپلومیسی فورم کے موقع پر ملاقات ان کے لیے باعث مسرت ہے۔
Comments 0