پاکستان مسلم لیگ (ن)بلوچستان کے جنرل سیکرٹری و رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ نے حکومت پنجاب کی جانب سے بلوچستان کے ذہین طلبہ و طالبات کیلئے 470 اسکالرشپس کے اعلان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اسے بین الصوبائی ہم آہنگی اور تعلیمی ترقی کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں تعلیم کے شعبے میں انقلابی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، جن کے مثبت اثرات ملک بھر بالخصوص بلوچستان تک پہنچ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے طلبہ کیلئے اعلی تعلیمی اداروں کے دروازے کھولنا ایک تاریخی اقدام ہے، جس سے صوبے کے نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے یکساں مواقع میسر آئیں گے۔جمال شاہ کاکڑ کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن)ہمیشہ سے بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے اور موجودہ قیادت ملک کے پسماندہ علاقوں کو قومی دھارے میں لانے کیلئے سنجیدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اسکالرشپ پروگرام اس عزم کا واضح ثبوت ہے کہ مسلم لیگ (ن)بلوچستان کے نوجوانوں کو تعلیم، ہنر اور ترقی کے مواقع فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں صوبائی حکومت بھی تعلیمی شعبے کی بہتری کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور وفاق و پنجاب حکومت کے ساتھ مل کر بلوچستان کے طلبہ کے روشن مستقبل کیلئے مشترکہ کاوشیں جاری ہیں۔
Comments 0