واشنگٹن (بی بی سی)امریکی نائب صدر جے ڈی وینس پاکستان میں امریکہ اور ایران کے وفود کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں شرکت کے لیے ایئر فورس ٹو میں سوار ہو گئے ہیں۔
طیارے میں سوار ہونے سے قبل اُن کا کہنا تھا، ’ہم مذاکرات کے منتظر ہیں‘ اور مزید کہا کہ اگر ایران ’خیرسگالی‘ کا مظاہرہ کرتا ہے تو امریکہ ’کھلے دل سے آگے بڑھنے‘ کے لیے تیار ہے۔ تاہم اُنھوں نے یہ بھی کہا کہ اگر ایران نے ’ہمیں دھوکہ دینے کی کوشش کی‘ تو امریکہ مثبت ردعمل نہیں دے گا۔
اُن کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ نے انھیں ان مذاکرات کے لیے رہنما اصول فراہم کیے ہیں۔
وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولین لیویٹ نے اس سے قبل اعلان کیا تھا کہ یہ مذاکرات پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں ہوں گے اور سنیچر کے روز شروع ہونے کی توقع ہے۔
ان مذاکرات میں جے ڈی وینس کے ہمراہ خصوصی ایلچی سٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر بھی شامل ہوں گے، تاہم پاکستان میں ہمارے نمائندے کے مطابق ایرانی وفد کی آمد کا ابھی انتظار ہے۔
Comments 0