پاکستان، فرانس، برطانیہ، اقوامِ متحدہ کی لبنان اسرائیلی حملوں کی مذمت، سپین کا اسرائیل پر ’جنگ بندی کی خلاف ورزی‘ کا الزام

پاکستان، فرانس، برطانیہ، اقوامِ متحدہ کی لبنان اسرائیلی حملوں کی مذمت، سپین کا اسرائیل پر ’جنگ بندی کی خلاف ورزی‘ کا الزام
لبنان(بی بی سی)پاکستان، برطانیہ، فرانس اور اقوامِ متحدہ نے اسرائیل کی جانب سے لبنان پر کیے جانے والے حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔ پاکستان کے دفترِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان لبنان کے خلاف جاری اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتا ہے۔ بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ بین الاقوامی قوانین کی ان خلاف ورزیوں کے خاتمے کے لیے فوری بین الاقوامی کارروائی کی جائے۔ برطانیہ کی سیکرٹری خارجہ یوویٹ کوپر نے ایک بار پھر لبنان کو ایران، امریکہ جنگ بندی معاہدے میں شامل کرنے کا اپنا مطالبہ دہراتے ہوئے لبنان پر اسرائیلی حملوں کو ’سراسر غلط‘ قرار دیا ہے۔ ریڈیو 4 کے ٹوڈے پروگرام سے بات کرتے ہوئے کوپر نے بدھ کے روز لبنان کے خلاف اسرائیل کے حملوں کو ’مکمل طور پر غلط‘ قرار دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ ان حملوں کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر شہریوں کی نقل مکانی اور انسانی نقصان میں اضافہ ہوا ہے۔ کوپر کا کہنا ہے کہ حملوں کی شدت میں اضافہ، ’سراسر غلط ہے… ہم چاہتے ہیں کہ جنگ بندی میں لبنان کو بھی فوری طور پر شامل کیا جائے۔‘ فرانس کے وزیر خارجہ جان نول باہوٹ کا کہنا ہے کہ لبنان پر اسرائیل کے حملے ’ناقابل قبول‘ ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حملے اس لیے بھی زیادہ ناقابل قبول ہیں کیونکہ اس نے امریکہ اور ایران کے درمیان گذشتہ روز ہونے والی عارضی جنگ بندی کو نقصان پہنچایا۔ سپین نے اسرائیل پر ’جنگ بندی‘ اور ’بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی‘ کا الزام لگایا ہے۔ سپین کے وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ وہ تہران میں اپنا سفارت خانہ دوبارہ کھول رہا ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اسرائیل کی جانب سے آٹھ اپریل کو لبنان بھر میں بڑے پیمانے پر حملوں کی مذمت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ لبنان میں فوجی سرگرمیاں ’جنگ بندی اور خطے میں پائیدار اور جامع امن کی کوششوں کے لیے سنگین خطرہ بن سکتے ہیں۔‘ اس سے قبل ایران کے نائب وزیر خارجہ نے بی بی سی کے ٹوڈے پروگرام کو ایک خصوصی انٹرویو میں بتایا کہ بدھ کے روز لبنان پر ہونے والے اسرائیلی حملے امریکہ، ایران جنگ بندی کی ’سنگین خلاف ورزی‘ ہیں۔

Comments 0

Sort by:
Login to post a comment.