تہران (اے پی پی):ایران نے تصدیق کی ہے کہ امریکاکے ساتھ اب دس نکاتی ایجنڈے پر مذاکراتی عمل 15 روز کے لیے اسلام آباد میں جمعے سے شروع ہوگا، جس میں ضرورت پڑنے پر مزید توسیع بھی کی جا سکے گی۔بی بی سی کے مطابق ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل نے اپنے تازہ بیان میں کہا کہ گزشتہ چالیس دنوں میں ایرانی عوام اور مسلح افواج نے مزاحمت جاری رکھی اور جنگ کے بیشتر اہداف حاصل ہو چکے ہیں۔بیان کے مطابق ایران نے ابتدا سے ہی فیصلہ کیا تھا کہ جنگ اس وقت تک جاری رہے گی جب تک ملک کے خلاف طویل المدتی خطرات ختم نہ ہو جائیں۔بیان میں کہا گیا کہ ایران نے امریکی صدر کی جانب سے دی گئی متعدد ڈیڈ لائنز کو مسترد کیا ۔
سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے مطابق اب جبکہ ایران کو میدانِ جنگ میں برتری حاصل ہے اور امریکا اس کے بیشتر مطالبات تسلیم کر چکا ہے، اس لیے فیصلہ کیا گیا ہے کہ مذاکرات جمعے کے روز اسلام آباد میں ہوں گے تاکہ جنگ میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کو سیاسی سطح پر بھی مضبوط کیا جا سکے۔ بیان کے مطابق یہ مذاکرات 15 دن جاری رہیں گے اور ضرورت پڑنے پر اس مدت میں توسیع بھی ممکن ہے۔بیان میں کہا گیا کہ ایران نے اپنا 10 نکاتی منصوبہ امریکا کو پاکستان کے ذریعے پیش کیا ہے، جس میں آبنائے ہرمز سے کنٹرولڈ گزرگاہ، خطے میں مزاحمتی گروہوں کے خلاف جنگ کا خاتمہ، امریکی افواج کا انخلا، ایران کو ہونے والے نقصانات کا ازالہ، تمام پابندیوں کا خاتمہ، منجمد اثاثوں کی بحالی اور ان تمام امور کی سلامتی کونسل کی ایک پابند قرارداد کے ذریعے توثیق شامل ہے۔
Comments 0