لبنان میں گولہ باری، اقوام متحدہ امن مشن میں شامل انڈونیشیائی اہلکار ہلاک، 3 زخمی

لبنان میں گولہ باری، اقوام متحدہ امن مشن میں شامل انڈونیشیائی اہلکار ہلاک، 3 زخمی
جکارتہ (اے پی پی):انڈونیشیا نے تصدیق کی ہے کہ لبنان میں اقوام متحدہ کے امن مشن کے تحت خدمات انجام دینے والا اس کا ایک اہلکار ہلاک جبکہ تین دیگر زخمی ہو گئے ہیں۔انڈونیشیا کی وزارت خارجہ کے مطابق یہ واقعہ اتوار کے روز جنوبی لبنان کے علاقے ادشیت القصیّر میں پیش آیا، جہاں لبنان میں اقوام متحدہ کی عبوری فورس(یونیفل) کے تحت تعینات دستے کے قریب بالواسطہ گولہ باری کی گئی۔ حکومت نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شفاف اور جامع تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے تاکہ ذمہ دار عناصر کا تعین کیا جا سکے۔ بیان میں جاں بحق اہلکار کے اہل خانہ سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا بھی کی گئی۔وزارت خارجہ نے کہا کہ امن فوجیوں کی سلامتی کو ہر صورت یقینی بنایا جانا چاہیے اور ان پر حملے بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ انڈونیشیا نے جنوبی لبنان میں اسرائیل کی فوجی کارروائیوں کی بھی مذمت کرتے ہوئے تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ لبنان کی خودمختاری کا احترام کریں، شہریوں اور بنیادی ڈھانچے پر حملے بند کریں اور مذاکرات کی راہ اپنائیں۔

Comments 0

Sort by:
Login to post a comment.