سعودی دارالحکومت ریاض میں زور دار دھماکوں کے بعد امریکی سفارت خانے کی عمارت میں آگ لگ گئی ، صدر ٹرمپ کا جلد جواب دینے کا اعلان

سعودی دارالحکومت ریاض میں زور دار دھماکوں کے بعد امریکی سفارت خانے کی عمارت میں آگ لگ گئی ، صدر ٹرمپ کا جلد جواب دینے کا اعلان
ریاض (اے پی پی):سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں منگل کی صبح زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں جس کے بعد امریکی سفارت خانے کی عمارت میں آگ لگ گئی اور ریاض کے سفارتی کوارٹر، غیر ملکی سفارت خانے اور غیر ملکی سفارت کاروں کی رہائش میں سیاہ دھوئیں کے بادل دیکھے گئے۔ بی بی سی کے مطابق سعودی فوج کے ترجمان نے بتایا ہے کہ ریاض میں امریکی سفارت خانے کو دو ڈرون حملوں میں نشانہ بنایا گیا ہے۔امریکی سفارتخانے نے ایکس (X) پر جاری بیان میں کہا ہے کہ اس واقعے کے نتیجے میں عمارت میں محدود پیمانے پر آگ لگی اور معمولی نقصان ہوا ہے۔اس کے بعد امریکی مشن برائے سعودی عرب نے جدہ، ریاض اور ظہران کے لیے شیلٹر اِن پلیس نوٹیفکیشن جاری کیا ہے اور کہا ہے کہ وہ خطے میں کسی بھی فوجی تنصیبات کے لیے غیر ضروری سفر کو محدود کرے گا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ریاض میں امریکی سفارت خانے پر حملے کا جلد جواب دیا جائے گا۔تاس کے مطابق دھماکوں کے نتیجہ میں کسی کے ہلاک یا زخمی ہونے کی فوری طورپر کوئی اطلاع نہیں ملی، سعودی عرب کی وزارت دفاع نے تصدیق کی ہے کہ ریاض میں امریکی سفارت خانے پر دو ایرانی ڈرون (یو اے وی) نے حملہ کیا۔ وزارت کے مطابق سفارتی مشن کی عمارت کو معمولی نقصان پہنچا اور آگ تھوڑے سے حصے میں لگی ۔فاکس نیوز کی صحافی جینیفر گرفن نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر بتایا کہ ایرانی ڈرون حملے کے وقت ریاض میں امریکی سفارت خانہ خالی تھا،اس واقعہ میں کوئی شخص ہلاک یا زخمی نہیں ہوا ۔

Comments 0

Sort by:
Login to post a comment.