اسلام آباد(بی بی سی)پاکستان نے چار سال کے وقفے کے بعد عالمی کیپٹل مارکیٹ میں 50 کروڑ ڈالر کے یورو بانڈ کا اجرا کر دیا ہے، جو اس کے گلوبل میڈیم ٹرم نوٹ (جی ایم ٹی این) پروگرام کے تحت پرکشش شرائط پر جاری کیا گیا۔
وزیرِ خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے اس کا اعلان کرتے ہوئے ایک بیان میں کہا کہ تین سالہ یورو بانڈ کو عالمی مالیاتی منڈیوں اور جغرافیائی سیاسی غیر یقینی صورتحال کے باوجود سرمایہ کاروں کی بھرپور دلچسپی حاصل ہوئی، جو پاکستان کی معاشی صورتحال پر اعتماد کی بحالی کا اشارہ ہے۔
اُنھوں نے کہا کہ بروقت اجرا سے پاکستان کی عالمی بانڈ مارکیٹ میں موجودگی مضبوط ہوئی ہے اور مستقبل کی مالیاتی سرگرمیوں کے لیے زیادہ مؤثر قیمتوں کے تعین میں مدد ملے گی۔
ان کے مطابق اہم نکات میں چار سال بعد مارکیٹ میں کامیاب واپسی، مشکل عالمی ماحول میں سرمایہ کاروں کی مضبوط دلچسپی، بین الاقوامی سرمایہ منڈیوں میں بہتر پوزیشننگ شامل ہیں۔
اُنھوں نے کہا کہ یہ پیش رفت سرمایہ کاروں کے بہتر ہوتے اعتماد کی عکاسی کرتی ہے اور فنڈنگ کے ذرائع کو متنوع بنانے اور مارکیٹ میں پائیدار موجودگی بحال کرنے کی حکمتِ عملی کا اہم حصہ ہے۔
اُنھوں نے مزید کہا کہ پاکستان عالمی مالیاتی منڈیوں کے ساتھ اپنے روابط کو مزید مستحکم کرے گا جبکہ جی ایم ٹی این اور بین الاقوامی سکوک پروگراموں کے لیے مالیاتی مشیروں کی تقرری کے لیے جلد درخواستیں طلب کی جائیں گی۔
Comments 0