اقوام متحدہ (اے پی پی): اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے امریکا اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات کو تعمیری انداز میں جاری رکھنے پر زور دیا ہے۔شنہوا کے مطابق اقوام متحدہ کے ترجمان سٹیفن دوجارک نے بیان میں کہا کہ پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات میں اگرچہ کوئی حتمی معاہدہ طے نہیں پایا، تاہم دونوں ممالک کی سنجیدہ کوششیں ایک مثبت اور بامعنی پیش رفت کی عکاس ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ کشیدگی اور تباہی کے بعد یہ بات واضح ہو چکی ہے کہ موجودہ تنازع کا کوئی فوجی حل موجود نہیں، جبکہ جنگ بندی کا برقرار رہنا نہایت ضروری ہے اور تمام خلاف ورزیوں کا خاتمہ کیا جانا چاہیے۔بیان میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ تمام فریقین بین الاقوامی قوانین کے مطابق آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کی آزادی کا احترام کریں، کیونکہ اس اہم سمندری گزرگاہ میں خلل عالمی معیشت پر منفی اثرات مرتب کر رہا ہے۔ترجمان نے خبردار کیا کہ سمندری تجارت میں رکاوٹوں کے باعث عالمی سطح پر معاشی غیر یقینی صورتحال میں اضافہ ہوا ہے، جبکہ کھاد اور اس کے اجزاء کی فراہمی متاثر ہونے سے دنیا بھر میں لاکھوں افراد کے لیے غذائی تحفظ کا مسئلہ مزید سنگین ہو گیا ہے۔
Comments 0