پاکستان مسلم لیگ (ن)کے بلوچستان اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر اور صوبائی وزیر میر سلیم احمد کھوسہ نے سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاور کی 11ویں برسی کے موقع پر شہدا کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہدا کی قربانیاں ہماری قومی تاریخ کا سنہرا باب ہیں، جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔اپنے پیغام میں صوبائی وزیر میرسلیم احمد کھوسہ نے کہا کہ سانحہ اے پی ایس پاکستان کی تاریخ کا ایک دلخراش اور ناقابلِ فراموش واقعہ ہے، جس نے پوری قوم کو غم میں مبتلا کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ اے پی ایس کے معصوم شہدا کی عظیم قربانیاں دہشت گردی کے خلاف قومی اتحاد، عزم اور استقامت کی روشن مثال ہیں۔میر سلیم احمد خان کھوسہ نے کہا کہ 16 دسمبر قربانی، عزمِ نو، قومی یکجہتی اور ایک محفوظ مستقبل کی تجدید کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہدا کے لواحقین کا صبر، حوصلہ اور قربانی پوری قوم کے لیے مشعلِ راہ ہے۔صوبائی وزیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستانی عوام دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ جدوجہد جاری رہے گی۔انہوں نے کہا کہ پوری قوم اے پی ایس کے شہدا کو سلام پیش کرتی ہے اور ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔
Comments 0