صوبائی الیکشن کمشنر کی زیر صدارت حلقہ این اے 251 کے 22 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ انتخابات، حساس پولنگز پر فوج و ایف سی کی تعیناتی
کوئٹہ: صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان علی اصغر سیال کی زیر صدارت بلوچستان کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 251 شیرانی کم ژوب کم قلعہ سیف اللہ کے 22 پولنگ اسٹیشنوں پر 18 دسمبر 2025 کو ہونے والی دوبارہ پولنگ کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقدہ دفتر صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان کوئٹہ میں ہوا۔ اجلاس میں جوائنٹ صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان سید وسیم احمد جعفری، ڈائریکٹر (الیکشن) عبداللہ، ڈائریکٹر ایڈمن نعیم احمد ، کمشنر ژوب ڈویژن سید زاہد شاہ، ایڈیشنل سیکریٹری ہوم ڈاکٹر عتیق، ریجنل الیکشن کمشنر ژوب ڈویژن سردار مظہر حسین ، ڈی آر او/ڈپٹی کمشنر ژوب عارف زرکون، ریٹرننگ افسر این اے 251 ببرک خان، ایس پی قلعہ سیف اللہ شاہ رخ خان،ڈی پی او ژوب شوکت علی، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر قلعہ سیف اللہ اصغر خان اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ شرکاء کو بتایا گیا کہ تمام انتخابی سامان ریٹرننگ افسر کو فراہم کر دیا گیا ہے جبکہ بیلٹ پیپر کی پرنٹنگ اور انتخابی عملے کی تربیت کا کام اگلے دو دن میں مکمل ہو جائے گا۔ اجلاس میں انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنوں پر فوج اور ایف سی اہلکاروں کی تعیناتی کے امور بھی زیر بحث آئے۔ اس موقع پر صوبائی الیکشن کمشنر جناب علی اصغر سیال نے کہا کہ غیر جانبدار اور مستند انتخابی عملے کی تعیناتی کو یقینی بنایا جائے اور بیلٹ پیپرز سمیت تمام انتخابی سامان کی سیکورٹی کے لیے فول پروف انتظامات کیے جائیں، جبکہ پولنگ اسٹیشنوں پر ووٹرز کو پُرامن ماحول فراہم کرنے میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے تاکہ تمام ووٹرز آزادانہ ماحول میں اپنا حقِ رائے دہی استعمال کر سکیں
Comments 0