صوبائی وزیر سردار عبدالرحمن کھیتران نے یومِ بنیان مرصوص کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہاہے کہ اس تاریخی فتح کا اصل سہرا فیلڈ مارشل عاصم منیر کو جاتا ہے، جن کی دور اندیش قائدانہ صلاحیت اور فولادی حکمتِ عملی نے چار گنا بڑے اور طاقتور دشمن کو ناکوں چنے چبوا دیے اور اسے شکستِ فاش سے دوچار کیا۔انہوں نے کہا کہ معرکہ حق کا دن پاکستانی قوم کے قومی اتحاد، عسکری مہارت اور دفاعِ وطن کے ناقابلِ تسخیر عزم کی روشن علامت ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس اسی تاریخی دن پاکستان کی بہادر مسلح افواج نے دشمن کی بزدلانہ جارحیت کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے اپنی پیشہ ورانہ برتری اور دفاعی صلاحیت کا عملی ثبوت دیا اور دشمن کے غرور کو خاک میں ملا دیا۔سردار کھیتران نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے جدید عسکری حکمتِ عملی، بے مثال جرت اور فولادی عزم کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے فضائی عزائم کو ناکام بنایا اور مادرِ وطن کی سرحدوں کی حفاظت کو یقینی بنایا۔ یہ فتح نہ صرف عسکری تاریخ کا ایک درخشاں باب ہے بلکہ پوری قوم کے لیے سرفخر کا باعث بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ "بنیان مرصوص" کا قرآنی استعارہ ہمیں اتحاد، نظم و ضبط اور اجتماعی قوت کا ابدی درس دیتا ہے۔ آج کے اس یادگار دن ہم یہ عہد دہراتے ہیں کہ وطنِ عزیز کی سرزمین پر کسی بھی دشمن کی نظرِ بد نہیں پڑنے دیں گے اور ہر قسم کی جارحیت کا بھرپور، فیصلہ کن اور ناقابلِ فراموش جواب دیا جائے گا۔
Comments 0