پاکستان مسلم لیگ (ن)بلوچستان کے جنرل سیکرٹری و رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ نے یومِ بنیان مرصوص کے موقع پرسیکورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دن دفاعِ وطن، قومی غیرت اور عسکری برتری کی ایک روشن اور قابلِ فخر علامت کے طور پر تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گاوزیراعظم شہبازشریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میںاس عظیم کامیابی کا سہرا افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ مہارت، بہترین حکمتِ عملی اور جرات مندانہ قیادت کو جاتا ہے، جنہوں نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ معرکہ حق کا یہ دن اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستانی قوم اور اس کی مسلح افواج ہر قسم کی جارحیت کا بھرپور اور مثر جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کی بزدلانہ کارروائیوں کے باوجود افواجِ پاکستان نے جس انداز میں دفاعِ وطن کا حق ادا کیا، وہ پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ "بنیان مرصوص" کا تصور ہمیں اتحاد، نظم و ضبط اور اجتماعی طاقت کا درس دیتا ہے، اور یہی وہ اصول ہیں جن پر عمل کرکے ہم ہر چیلنج کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی سرزمین کے دفاع کیلئے پوری قوم اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ وفاقی حکومت ملکی سلامتی، استحکام اور دفاع کو اولین ترجیح دے رہی ہے اور قومی اداروں کو مزید مضبوط بنانے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہم اس عہد کی تجدید کرتے ہیں کہ وطنِ عزیز کی خودمختاری اور سالمیت پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے اور ہر سازش کا متحد ہو کر مقابلہ کریں گے۔
Comments 0